بنگلور۔5مارچ(ایس او نیوز) راجستھان کے آئی اے ایس افسر اڈیشنل چیف سکریٹری برائے اقلیتی بہبود شری وپن چندرا شرما نے کرناٹک حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود اور وقف بورڈ کے لئے جاری کردہ اسکیموں کا جائزہ لینے اور ان اداروں کی خدمات کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے بنگلور کا دورہ کیاتھا۔ اس دوران وقف بورڈ میں انہوں نے اڈمنسٹریٹر جناب محسن صاحب، اکرم پاشاہ اور سی ای او ذوالفقار اللہ سے معلومات حاصل کیں اور ریاستی حکومت اور وقف بورڈ کی ستائش کی کہ یہاں وقف بورڈ اور محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ اقلیتوں کے لئے اتنے سارے پروگرام اور کام جاری ہیں اور ریاستی حکومت بھی ہر سال بجٹ میں بڑی رقم منظور کررہی ہے۔مسٹروپن چندرا شرما نے بتایاکہ راجستھان حکومت سے وقف کے لئے علاحدہ گرانٹ نہیں دیا جاتا۔ جبکہ اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے لئے گرانٹ بس برائے نام دئے جاتے ہیں۔ کرناٹک میں نئے وقف ایکٹ اور پی پی ای اے ایکٹ کے ذریعہ جو اوقافی املاک پر ناجائز قبضہ ہٹانے کا کام کیاجارہاہے اس سلسلہ میں انہوں نے معلومات حاصل کیں اور کہا کہ انہوں نے دیگر ریاستوں کے وقف بورڈ اور اقلیتی محکموں کابھی جائزہ لیا ہے لیکن جو کام کرناٹک میں اس وقت وقف بورڈ اور اقلیتی بہبود محکمہ کے ذریعہ کئے جارہے ہیں اور جتنے فنڈس محکمہ اقلیتی بہبود واوقاف کے لئے حاصل کئے جارہے ہیں وہ واقعی قابل ستائش وقابل تقلید ہیں۔وپن چندرشرما نے بتایا کہ سرمرزا اسماعیل نے اپنے دور میں راجستھان میں وقف کے لئے کئی ایک زمینیں الاٹ کی تھی جن پر ناجائز قبضہ ہے یہ قبضہ ہٹانے وہاں بھی پی پی ای اے ایکٹ کے ذریعہ اقدامات کرنے کے سلسلے میں وہ وہاں کی حکومت سے مشورہ کریں گے۔